Dawnnews Television Logo
الیکشن 2024 کی براہ راست کوریج
  • مریم نواز ملکی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب، مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ بن گئے
  • پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا
  • نومنتخب اراکین قومی اسمبلی اراکین حلف اٹھا لیا، ایوان میں شدید نعرے بازی ہوئی
  • عام انتخابات کے بعد سیاسی صورت حال پر تازہ خبروں اور تبصروں کے لیے کلک کریں۔
شائع 01 مارچ 2024 08:33am

خیبرپختونخوا کا نیا وزیراعلیٰ کون ہوگا؟ انتخاب آج ہوگا

خیبرپختوبخوا اسمبلی میں صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے آج صبح 10 بجے ووٹنگ ہوگی۔

وزیراعلیٰ کے لیے سنی اتحاد کونسل کے علی امین گنڈاپور کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عباد اللہ خان سے ہوگا۔

قائد ایوان کے لیے دونوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروادیے ہیں۔

گزشتہ روز ( 29 فروری کو) سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی صوبائی اسمبلی کے اسپیکر جبکہ ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئی تھیں۔

شائع 01 مارچ 2024 08:32am

قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا

قومی اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ آج صبح 10 بجے ہوگی۔

ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق کا مقابلہ پی ٹی آئی کے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے عامر ڈوگر سے ہوگا۔

دونوں رہنماؤں نے کاغذات سیکریٹری قومی اسمبلی جمع کرادیے تھے۔

دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر کے لیے پیپلزپارٹی کے غلام مصطفیٰ کا مقابلہ پی ٹی آئی کے جنیداکبر سے ہوگا۔

اسپیکرو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کاانتخاب خفیہ رائےشماری سے ہوگا، نیا اسپیکر منتخب ہونے کے بعد موجودہ اسپیکر راجا پرویز اشرف سبکدوش ہوجائیں گے۔

شائع 29 فروری 2024 10:07pm

ون پوائنٹ ایجنڈا پر اتحاد بنانے پر کام کر رہے ہیں، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ون پوائنٹ ایجنڈا پر اتحاد بنانے پر کام کر رہے ہیں اور اس اتحاد کا ون پوائنٹ ایجنڈا آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات ہوئی، ہمارا مؤقف ایک ہے کہ فارم 45 کے مطابق نتائج کا اعلان کیا جائے، فارم 45 کے مطابق جس کا حق ہو اسے دیا جائے۔

اپ ڈیٹ 29 فروری 2024 09:00pm

فافن نے تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین کا بیان مسترد کردیا

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین کا بیان مسترد کر دیا۔

فافن نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ فافن نے کبھی بھی الیکشن کمیشن کے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا، شعیب شاہین سول سوسائٹی کو سیاسی معاملات میں لانے سے پرہیز کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شعیب شاہین کو ایسا بیان دینے سے پہلے ہوم ورک مکمل کرنا چاہیے، فافن کا مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن متنازع نتائج والے حلقوں کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائے۔

واضح رہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے دعویٰ کیا تھا کہ فافن نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دے دینا چاہیے، موڈیز نے بھی رپورٹ دی ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کو مشروط طور پر سپورٹ کیا تھا، آئی ایم ایف معاہدے سے بجلی، گیس بلوں میں اضافہ ہوگا، بجلی کا یونٹ 70 روپے تک کا ہوگیا ہے، اگر یہ رفتار رہی تو گیس کا بل ایک لاکھ روپے پر چلا جائےگا۔

شائع 29 فروری 2024 08:25pm

اے این پی کا صدر کے انتخاب کے لیے آصف زرداری کو ووٹ نہ دینے کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی نے صدر مملکت کے انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار آصف زرداری کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے کسی بھی اسمبلی میں انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی کے اراکین کسی بھی اسمبلی یا سینیٹ میں انتخابی عمل کا حصہ نہیں ہوں گے۔

شائع 29 فروری 2024 06:23pm

ایم کیو ایم پاکستان کا وفاقی کابینہ میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ

متحدہ قومی مومنٹ پاکستان نے وفاقی کابینہ میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی کو منتخب کرانےکے لیے (ن) لیگ کو ووٹ دےگی۔

ایم کیو ایم قیادت کے ذرائع نے کہا کہ ایسی وزارت نہیں لے سکتےجس سےعوامی مسائل حل نہ ہوں، ایم کیو ایم کی قیادت نے وفاقی کابینہ کاحصہ نہ بننے سے متعلق فیصلے سے (ن) لیگ کوآگاہ کردیا ہے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے مرکز میں ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی وزارتوں کی پیشکش کی تھی۔

ایم کیو ایم قیادت کے ذرائع نے بتایا کہ ہم بلدیاتی اداروں کومالی و انتظامی خودمختاری دینے کے لیےآئینی ترمیم پرسپورٹ چاہتے ہیں، مضبوط بااختیار مالی خودمختار بلدیاتی اداروں سے 18ویں ترمیم کومزید تقویت ملےگی۔

شائع 29 فروری 2024 06:05pm

اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے وزیراعلٰی کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا

اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے وزیر اعلٰی بلوچستان کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ 2 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلٰی بلوچستان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، جمعہ کی شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس 2 مارچ بروز ہفتہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔

شائع 29 فروری 2024 05:42pm

وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخاب کا شیڈول جاری

وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخاب کا شیڈول جاری ہوگیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 2 مارچ بروز ہفتہ دن 2 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اسی دن سہ پہر 3 بجے تک عمل میں لائی جائے گی، کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم کا انتخاب 3 مارچ بروز اتوار کو ہوگا۔

شائع 29 فروری 2024 05:38pm

ایم کیو ایم نے وزیراعظم، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کیلئے ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی، ایاز صادق

رہنما مسلم لیگ (ن) سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وزیراعظم، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کے لیے ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں کے وفد نے اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کی، وفد میں سردار ایاز صادق، علیم خان، صادق سنجرانی، یوسف رضا گیلانی ،خورشید شاہ اور خالد مگسی شامل تھے۔

ملاقات کے بعد سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومتی اتحادیوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماوں سے ملاقات کی ہے اور ایم کیو ایم پاکستان نے سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور وزیراعظم کے ووٹ کے لیے حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے آگے بھی سب کے ساتھ مل کر چلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جمہوریت ایک تسلسل کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، جمہوریت کے ثمرات عوام تک بھی پہنچنے چاہیے جس کے لیے آئین پاکستان کی مدد لینے کی کوشش کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے مطابق عوام کے حقوق کے لیے جگہ اور گنجائش ہونی چاہیے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہماری اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دینا چاہتے ہیں، جب تک عوام کی شرکت پاکستان کی جمہوریت میں نہیں ہو گی جمہوریت مضبوط نہیں ہو گی، ہم نے وعدہ کیا ہے کہ انشااللہ ووٹ کریں گے۔

شائع 29 فروری 2024 05:28pm

آئی ایم ایف کو خط گھر کے کپڑے چوک میں دھونے کے مترادف ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا گھر کے کپڑے چوک میں دھونے کے مترادف ہے اور بیرونی ادارے کو ملکی معاملات میں دخل اندازی کے لیے خط قومی مفاد میں نہیں۔

اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سربراہ قوم سے معافی مانگ کر استعفیٰ دیں، موجودہ الیکشن سے پاکستان کی بدنامی ہوئی اور امریکا نے بھی پاکستان میں الیکشن کا آڈٹ کروانے کا کہہ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن جمہوریت بچاؤ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا اور ہم الیکشن اصلاحات پر قومی ڈائیلاگ شروع کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے قرضوں سے پاکستان کی معیشت مزید تباہ ہوجائے گی، آئی ایم ایف سے آئندہ نسلیں مقروض ہیں اور روز بجلی گیس پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف و ورلڈ بینک کے بدلےغیر سودی نظام معیشت کا پورا سسٹم ہے اور ہمیں اسی کو اپنانے کی طرف جانا چاہیے، مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے حکمران خود کشکول لے کر آئی ایم ایف کے سامنے جھک جاتے ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے کو لکھے گئے خط پر سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا گھر کے کپڑے چوک میں دھونے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی ادارے کو ملکی معاملات میں دخل اندازی کے لیے خط قومی مفاد میں نہیں اور بیرونی دنیا کو آواز دینا مثبت نہیں غلط روایت ہے، پیپلزپارٹی والوں نے بھی امریکی اداروں اور آئی ایم ایف کو خطوط لکھے۔

شائع 29 فروری 2024 05:16pm

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ ارشد حسین نے وزیراعلیٰ ہاؤس خالی کردیا

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ ارشد حسین شاہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس خالی کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ نے اپنا سامان وزیر اعلیٰ ہاوس سے منتقل کردیا اور سید ارشد حسین نے وزیر اعلیٰ ہاؤس سمیت اینکسی بھی خالی کردی ہے۔

نگران وزیر اعلی نے تمام مراعات انتظامیہ کے حوالے کردی ہیں۔

خیبرپختونخوا کے نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کل ہوگا۔

شائع 29 فروری 2024 04:08pm

خیبرپختوبخوا اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب کل ہوگا

خیبرپختوبخوا اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب کل منعقد ہوگا۔

ڈان نیوز کے مطابق قائد ایوان کے لیے علی امین گنڈاپور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ہیں جبکہ اپوزیشن نے ہشام انعام اللہ کو قائد ایوان کا امیدوار نامزد کیا ہے۔

قائد ایوان کے لیے دونوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروادیے ہیں۔

شائع 29 فروری 2024 03:38pm

این اے 15: میاں نواز شریف سے جیتنے والے آزاد امیدوارکو فارم 49 جاری

عام انتخابات میں این اے 15 مانسہرہ سے میاں نواز شریف سے جیتنے والے آزاد امیدوار شہزادہ گشتاسپ خان کو فارم 49 جاری کردیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ریٹرننگ افسر این اے 15 نے امیدوار شہزادہ گشتاسپ خان کو فارم 49 جاری کیا، فارم جاری ہونے پر آزاد امیدوار کے حامیوں نے آر او آفس میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔

انتخابات میں آزاد امیدوار شہزادہ گشتاسپ خان نے ایک لاکھ 5 ہزار 249 ووٹ لےکر کامیابی حاصل کی تھی ، قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف 80 ہزار 382 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر تھے۔

بعد ازاں میاں نواز شریف کی جانب سے الیکشن کمیشن کو فارم 49 روکنے کے لیے عذرداری درخواست دی گئی تھی جو گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے خارج کردی تھی۔

شائع 29 فروری 2024 03:32pm

بلوچستان اسمبلی کے نو منتخب اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر نے حلف اٹھالیا

بلوچستان اسمبلی کے نو منتخب اسپیکرکیپٹن ریٹائرڈ عبد الخالق اچکزئی اور ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس زمرک خان اچکزئی کی زیر صدارت جاری ہے، زمرک خان اچکزئی نے نو منتخب اسپیکر سے حلف لیا۔

بعد ازاں حلف لینے کے بعد اسپیکر صوبائی اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے نو منتخب ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ سے حلف لیا۔

شائع 29 فروری 2024 03:20pm

اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے جمع کاغذات نامزدگی منظور

اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے عامر ڈوگر کےکاغذات سیکریٹری قومی اسمبلی جمع کرائے گئے۔

ڈپٹی اسپیکر کے لیے غلام مصطفی اور جنید اکبرکےکاغذات جمع کرائے گئے۔

اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب کل ہوگا

شائع 29 فروری 2024 02:57pm

ڈیمز بنا کر بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے، مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ڈیمز بنا کر بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔

ڈان نیوز کے مطابق دورہ راولپنڈی کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف دودوچھہ ڈیم سائٹ پہنچیں اور ڈیم سائٹ پر تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

فرينٹير وركس آرگنائزيشن (ایف ڈبلیو او) حکام نے وزیراعلی مریم نواز کو دودوچھہ ڈیم پر بریفنگ دی۔

انہیں بتایا گیا کہ دودچھہ ڈیم پروجیکٹ پر دوبارہ کام نومبر 2023 سے شروع کیا گیا، دودوچھہ ڈیم کے لیے سپل وے پر پانی کےاخراج کا عمل جاری ہے۔

مزید بریفنگ دی گئی کہ ڈیم راولپنڈی سے 25 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، ڈیم کی اونچائی 123 فٹ، لمبائی 737 فٹ اورکیچمنٹ ایریا 129 مربع میل ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے دودوچھہ ڈیم کی تکمیل کے لیے نومبر 2025 کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔

انہوں نے ہدایت دی کہ سائٹ پر اضافی مشینری اور افرادی قوت لگا کرمختلف سیکشنز پرکام شروع کروایا جائے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے والے دنوں میں پانی کی شدید قلت کا شکار ہونے والے ملکوں میں سرفہرست ہے،زیادہ سے زیادہ ڈیمز بنا کر بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔

شائع 29 فروری 2024 02:44pm

ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب

سنی اتحاد کونسل کےثریا بی بی 87 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں ان کے مدمقابل پی ٹی آئی امیدوار ارباب وسیم نے19 ووٹ حاصل کیے۔

ثریا بی بی چترال پی کے 1 سے 18 ہزار 914 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی تھیں، وہ تحریک انصاف کی آزاد امیدوار تھیں اور بعدازاں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئی تھیں، وہ چترال سے پہلی بار جنرل نشست پر منتخب ہونے والی خاتون ایم پی اے ہیں۔

ثریا بی بی خیبرپختونخوا اسمبلی کی دوسری خاتون اسپیکر ہیں، اس سے پہلے ڈاکٹر مہر تاج روغانی اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر رہ چکی ہے، جس کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔

شائع 29 فروری 2024 02:41pm

یہ ایوان نامکمل ہے، عمر ایوب

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد وزیراعظم عمر ایوب نے کہا ہے کہ یہ ایوان نامکمل ہے، ہم نےجوحلف اٹھایا، اس میں لکھا ہےکہ قانون کی پاسداری کریں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راجا پرویز اشرف نے بطور اسپیکر حلف کی پاسداری کی، اس ہاؤس کا چوتھی دفعہ ممبر بنا ہوں۔

عمرایوب نے الزام عائد کیا کہ بعض خواتین ایسی ہیں، جنہوں نے حلف اٹھانا تھا انہیں یہاں نہیں لانے دیا گیا۔

شائع 29 فروری 2024 02:38pm

قومی اسمبلی میں شورشرابہ، اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی

16ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شورشرابہ اور ہنگامہ آرائی کے سبب اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق اراکین اسمبلی کی حلف برداری اور رول آف ممبرز پر دستخط کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کی کارروائی آگے بڑھانے کی کوشش کی اور رہنما تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب، بیرسٹر گوہر اور رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف کو ایوان سے خطاب کا موقع دیا۔

تاہم خواجہ آصف کی تقریر کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین کا شور شرابہ جاری رہا، اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین کو خاموش کرانے کی کوشش کی۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اس اسمبلی کا پہلا دن ہے، اچھی روایات قائم کریں، آج آپ شور شرابا کررہےہیں،کل آپ کی بات پر شور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شور شرابا ہوا تو کوئی بات نہیں کرسکےگا، یہ پاکستان کی قومی اسمبلی ہے۔

بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

شائع 29 فروری 2024 02:26pm

یہ ایوان نامکمل ہے، عمر ایوب کا قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب نے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان نامکمل ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق ایوان میں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد امیدوار عمر ایوب نے کہا کہ راجا پرویز اشرف نے بطور اسپیکر حلف کی پاسداری کی، ہم نے جو حلاف اٹھایا اس میں لکھا ہے کہ قانون کی پاسداری کریں گے۔

یہ ایوان نامکمل ہے، اس ہاؤس کا چوتھی دفعہ رکن بنا ہوں، بعض خواتین ایسی ہیں جنھوں نے حلف اٹھانا تھا انہیں یہاں نہیں لانے دیا گیا۔

شائع 29 فروری 2024 02:00pm

آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے،عطا اللہ تارڑ

رہنما مسلم لیگ (ن) عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خط لکھنا ملک کو نقصان پہنچانےکے مترادف ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ملک کی خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، ہم ملکی معیشت کو سہارا دیں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک کو نقصان پہنچانےکے مترادف ہے، ذاتی مفاد کے بجائے قومی مفادکو قربان کیا گیا، یہ جمہوریت کو ڈی ریل اور معیشت تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک کو درپیش مسائل حل نہ ہوں۔

شائع 29 فروری 2024 01:59pm

اعتماد پربلوچستان کی تمام جماعتوں کا مشکور ہوں، نو منتخب اسپیکر

نومنتخب اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے کہا ہے کہ اعتماد پربلوچستان کی تمام جماعتوں کا مشکور ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کا کہنا تھا کہ میرے لیے تمام اراکین قابل قدر ہیں۔

شائع 29 فروری 2024 01:39pm

فضل الرحمٰن کا صدر، وزیر اعظم، اسپیکر کے انتخابی عمل کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ

سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے صدر، وزیر اعظم، اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخابی عمل کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم صدر، اسپیکر قومی اسمبلی اور وزیر اعظم کے انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، جمعیت علمائے اسلام (ف) اپوزیشن میں بیٹھے گی۔

شائع 29 فروری 2024 01:27pm

مولانا فضل الرحمٰن، علیم خان کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مولانا فضل الرحمٰن کو قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے پر مبارک باد دی، ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

ملاقات میں آئی پی پی کے صدر عبد العلیم خان، بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر خالد مگسی اور مرزا محمد آفریدی سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔

شائع 29 فروری 2024 01:23pm

خیبرپختونخوا اسمبلی، ڈپٹی اسپیکر کے چناؤ کیلئے پولنگ جاری

نو منتخب اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اسمبلی کاروائی کا آغاز کر دیا، جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے چناؤ کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی کا مقابلہ اپوزیشن کے ارباب وسیم کے ساتھ ہے، ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب پر پولنگ جاری ہے۔